اتر پردیش انتخابات کے نتائج آنے سے دو دن پہلے سماج وادی پارٹی کی حکومت
میں وزیر اعظم خان نے کہا ہے کہ اگر ان کی پارٹی ہارتی ہے تو اس کے لئے
اکیلے وزیر اعلی اکھلیش یادو ذمہ دار نہیں ہوں گے۔ اکھلیش کی شکست سب کی
ہار ہوگی۔ اعظم خان نے کہا، '' اگر یوپی اسمبلی انتخابات میں سماج وادی
پارٹی کو شکست کا منہ دیکھنا پڑتا ہے تو اس کا ٹھیکرا اکھلیش کے سر نہیں
پھوڑا جانا چاہئے۔ اس ہار کے لئے ایس پی کی اتحادی جماعتیں اور خود ریاست
کی عوام ذمہ دار ہوگی۔ '' یہاں تک کہ اعظم نے یہ بھی کہہ دیا کہ اگر ان کی
پارٹی ہاری تو ریاست کے عوام کو بھگتنا پڑے گا۔
اعظم خان نے بدھ کو ملائم سنگھ
یادو کی بیوی سادھنا گپتا کے بیان پر بھی
اعتراض جتایا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ سادھنا کو اپنے بیانات کے لئے دو دن
رک جانا چاہیے تھا۔ انتخابات کے آخری مرحلے سے ایک دن پہلے سادھنا گپتا کے
اس طرح کے بیانات پارٹی کے لئے صحیح نہیں ہیں۔ سادھنا نے یادو کنبے اور
پارٹی میں جاری اختلاف پر پہلی بار خاموشی توڑتے ہوئے رام گوپال یادو اور
اکھلیش یادو پر بیان دیے تھے۔
انہوں نے کہا تھا کہ انہیں نہیں پتہ تھا کہ اکھلیش باغی نکلیں گے۔ انہوں نے
اپنے اوپر لگے الزامات کے جواب میں کہا تھا کہ وہ بہت سال چپ رہیں، لیکن
اب وہ خاموش نہیں رہیں گی۔ ان کی بہت توہین ہوئی ہے، اب وہ پیچھے نہیں ہٹیں
گی۔